وحدت نیوز (راولپنڈی) وطن عزیز میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگز، ریاستی جبر، سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی، شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ مرزا یوسف حسین سمیت ملت تشیع کے مقتدر افراد کی بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی کال پر لاہور، کراچی اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی میں لیاقت روڈ سے مری روڈ تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین، شیعہ ایکشن کمیٹی اور جے ڈی سی کے رہنماؤں نے کی۔ ریلی میں سینکڑوں کارکن، خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں ملت تشیع نے دیں، ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کو مقدم رکھا اور اپنے عمل و کردار سے یہ ثابت کیا کہ اہل تشیع پاکستان کے ذمہ دار اور محب وطن شہری ہیں۔ لیکن یہود و سعود کی ایما پر ملت تشیع کو حکومت کی طرف سے جس جارحانہ طرز عمل کا سامنا ہے، وہ نامناسب اور ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی طے شدہ سازش ہے۔ ہمارے مختلف شعبوں کے ماہرین، وکلاء، انجینئرز، ڈاکٹر اور اعلٰی تعلیم یافتہ افراد آئے روز دہشت گردی کی نذر ہو رہے ہیں۔ ہم گذشتہ تین دہائیوں سے لاشیں اٹھاتے آئے ہیں، لیکن ہمارے قاتل آج تک آزاد اور دندناتے پھر رہے ہیں، ان پر کوئی مضبوط ہاتھ نہیں ڈالا جاتا، جبکہ اس کے برعکس ہمارے ان بے گناہ لوگوں کو اسیر بنایا جا رہا ہے، جو ملک دشمن کالعدم جماعتوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔
رہنماوں کا کہنا تھا کہ قانون و انصاف کو آخر کب تک بیرونی ڈکٹیشن کا غلام رکھا جائے گا۔ کراچی میں ایک ہی دن میں دوران مجلس پانچ افراد کو گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا۔ سندھ حکومت کو بخوبی علم ہے کہ کونسی کالعدم جماعت اس طرح کے واقعات کی ذمہ دار ہے، تاہم کسی ذمہ دار کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی، جبکہ ہمارے نوجوانوں کو بلاوجہ گرفتار کیا جا رہا ہے۔ دشمن طاقتیں ارض پاک کے استحکام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ پاکستان کی سالمیت و بقا کی دشمن قوتوں کو جب تک نکیل نہیں ڈالی جاتی، تب تک ملک میں امن و سکون کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپنے مطالبات دھراتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر فوری طور پر عمل درآمد کرایا جائے۔ کالعدم جماعتوں کی سیاسی و مذہبی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگا کر ان افراد کو گرفتار کیا جائے، جو نام بدل کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملت تشیع کے بےگناہ افراد کو فوری رہا کیا جائے۔ ان شہریوں کے نام شیڈول فور سے فوراً نکالے جائیں جو کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں۔ بزرگ علماء اور شیعہ عمائدین کی معطل شدہ شہریت فوراً بحال کی جائے۔ جو عناصر ملت تشیع کے خلاف سنگین سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان کو بلاتاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مقررین نے واضح کیا کہ اگر ملت تشیع کے خلاف حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ نہ تھما تو چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقعہ پر پورے پاکستان کے جلوسوں کو عام شاہراؤں پر روکا جا سکتا ہے۔ احتجاجی جلسہ سے ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی اکبر کاظمی، ڈپٹی سیکرٹری مولانا غلام محمد جعفری، مولانا اعوان علی شاہ، شیعہ ایکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مسعود حیدر، سید فدا عباس، گلِ زہرا، راحیمہ رضوی، ندا اور فروا نقوی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔