وحدت نیوز(جہلم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جہلم کے زیر اہتمام الفضل میرج ہال دینہ میں دختر رسول اکرم ص, جناب فاطمہ الزہرا س کی ولادت باسعادت پر جشن کوثر کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کی گئ, جس میں شیعہ اور سنی علماء کرام نے بہترین۔انداز میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا (س) بیان کی۔ اس پاک و بابرکت محفل میں علاقہ کے سنی و شیعہ مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی، اس کانفرنس میں علامہ مبارک موسوی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم صوبہ پنجاب، علامہ راجہ محسن علی سینئر رہنما ایم ڈبلیو۔ایم پاکستان، علامہ حیدر علوی ،خطیب اہل سنت اسلام آباد،علامہ مہدی کاظمی پرنسپل جامعہ بعثت چینوٹ ،مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین نے خطاب کیا۔
جشن کوثر سیمینارسے خطاب کرتے ہوئےایم ڈبلیوایم پنجاب کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی نے کہا کہ حضرت سیدہ ؑ کی شان و فضیلت میں آل محمد ؐ بیان کرتے ہیں کہ آپ سلام اللہ علیھا ایسی ہستی ہیں کہ جسکی قدر و منزلت ابھی تک مجھہول ہے ، لوگوں کو نہیں معلوم کے ان کی عظمت و مقام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ظالم کے دشمن اور ہر مظلوم کے مددگار رہو کا پیغام ہم نے سنا ہے لیکن جب عملی طور پر اقدام کا وقت آتا ہے تو ہمارے معاشرے کی اکثریت یہ کہتے ہوے پیچھے ہٹ جاتی ہے کہ ہمارا سیاست سے کیا تعلق۔؟ جناب سیدہؑ نے ظلم کے خلاف جہاد کیا ہے مولا علی ؑ کے لیے سیاسی جدوجہد کی ہے ۔کانفرنس کے اختتام پر ملکی سالمیت اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایات کے مطابق* دفاع مادر وطن ریلی* نکالی گئی اور ملک پاکستان کی سلامتی و امن کے لئے دعا کی گئی۔