وحدت نیوز(لاہور) کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ نسل کشی کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے کی قیادت سابق سیکرٹری پنجاب علامہ مبارک موسوی نے کی جبکہ مردو خواتین نے بھی بچوںکے ساتھ مظاہرے میں بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے شیعہ نسل کشی کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔علامہ مبارک موسوی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کفر سے تو باقی رہ سکتی ہے مگر ظلم سے نہیں، کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں منظم انداز میں ہماری نسل کشی جاری ہے لیکن حکمران طفل تسلیاں دےکر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ انٹرنیشنل گیم کا حصہ ہے تاکہ ہم مظلومین جہان کی حمایت سے دور رہے لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم ظالم قوتوں کا تعاقب کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ شیعہ نسل کشی کا سلسلہ کبھی نہیں رکا، لیکن ہم بھی مظلوم کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے ہمیشہ ظالم کا ہاتھ روکا اور مظلوم کا ساتھ دیا ہے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں مظلوموں کی آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتی۔