وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی کلچر میں عدم برداشت کا عنصر پروان چڑھ رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں تمام جماعتوں کے قائدین کی کلیدی ذمہ داری ہے کہ اپنے سیاسی منشور میں برداشت، رواداری، اور وضع داری کو فروغ دیں ورنہ سیاسی تصادم سے کسی کی عزت نفس محفوظ نہیں رہے گی۔
علامہ اسدی نے کہا کہ اس صورتحال میں لگتا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے پاکستان کو جغرافیائی اعتبار سے بانٹ لیا ہے، جو سب سے زیادہ خطرناک ہے، اس سے کسی سیاسی جماعت کو اسمبلیوں میں واضع اکثریت نہیں مل سکے گی اور ہر اسمبلی اتحاد کی بناء پر چلے گی۔ علامہ اسدی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نئی نسل کیلئے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کے فرمودات کی روشنی میں سیاسی تربیت کے مواقع پیدا کر رہی ہے، دینی اقدار کے پیش نظر صالح قیادت سامنے آ سکتی ہے، سیاست سے دین کو جدا کرنے سے ہی موجودہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں رواداری کیلئے مذہبی قیادت کو آگے آنا ہوگا۔