وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی نے چئیر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پاکستان کا 22ویں وزیر اعظم بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 22 سال جدو جہد کی اور اس حقیقت کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ پاکستان کے بوسیدہ سیاسی نظام میں ایک ایسا شخص وزیر اعظم بنا جس کاکوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیںتھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم بننے کے بعد پارلیمنٹ میں پاکستانی قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کا فیصلہ کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان اپنے وعدوں پر عمل کریں اورپاکستانی قوم کو مقروض کرنے والوں کو این آر او دینے کی بجائے ان کا کڑا احتساب کریں ،علامہ سید مبارک موسوی کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں عمران خان پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل کو حل کرنے کے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں اور ایک مضبوط کابینہ اور تجربہ کار ٹیم تشکیل دیں۔