وحدت نیوز ( کراچی) جیو نیوز چینل پر کالعدم دہشت گرد گروہ کے سرغنہ کا انٹرویو اور تکفیری نظریات نشر کرنے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی اپیل پر احتجاج کا سلسلہ منگل کے روز بھی جاری رہا۔ کراچی میں ریلی نکالی گئی جس کے شرکاء نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع جیو ٹی وی کے دفتر کے باہرمظاہرہ کیا اور جیو نیوز چینل کو پاکستان دشمن ، اسلام دشمن اور انسانیت دشمن نیوز چینل قرار دیا۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء وذاکرین نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد نے تکفیری عناصر کی نیندیں حرام کرتے ہوئے ان کی تیس سالہ سازشی کوششو ں پر پانی پھر دیا ہے، پاکستان کے عوام نے بھی پاک وطن کو فرقہ وارانہ کشیدگی کی جانب دھکیلنے والے عناصر کو مسترد کردیا ہے، ملک میں بسنے والے شیعہ سنی ایک ہیں اور تکفیریت کے خلاف متحد ہیں اور اپنے اتحاد سے بھارتی ایجنٹوں کی تمام سازشو ں کو ناکام بنائیں گے۔
علامہ علی انور جعفری، علی حسین نقوی اور علامہ مبشر حسن نے پاکستان میں تکفیری دہشت گردی کی بانی جماعت کے سرغنہ اور ان کے تکفیری نظریات کی شدید مذمت کی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی و اسلامی قوانین کے تحت تکفیری نظریات رکھنا اور اس کی تبلیغ کرنا دونوں جرم ہیں اور جیو نیوز پر اینکر سید طلعت حسین کی جانب سے لدھیانوی کو مدعو کرنا صحافتی اخلاقیات کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ کیا پاکستان کے عوام بانی پاکستان محمد علی جناح کے بارے میں نہیں جانتے کہ وہ خوجہ شیعہ مسلمان تھے اور خوجہ برادری شیعہ ہی ہوتی ہے ، اس شناخت کا مطلب ہی شیعہ ہونا ہے خواہ وہ اثنا عشری ہوں یا اسماعیلی، بوہرہ یا آغا خانی؟ بانی پاکستان کی خاندانی وراثت کے سلسلے میں ان کی بہن فاطمہ جناح نے پاکستانی عدالت کو بتایا تھا کہ وراثت شیعہ طریقے سے ہوگی۔مولانا شبیر احمد عثمانی کو بھی معلوم تھا کہ بانی پاکستان کی ایک نماز جنازہ ان کے گھر میں ہی شیعہ طریقے سے ادا کی جاچکی تھی اور بانی پاکستان جناح کے جسد خاکی کوخوجہ اثنا عشری جامع مسجد و امام بارگاہ کے خدمت گار شیعہ غسال نے غسل و کفن دیا تھا۔ان کی نماز جنازہ کے ساتھ سیاہ علم مرنے والے کے لئے کی جانے والی عزاداری کا منہ بولتا ثبوت تھا اور آج بھی تصاویر میں سیاہ پرچم اور اس پر شیعہ اسلامی شعار تحریر نظر آتے ہیں۔محمد علی جناح کا نکاح بھی شیعہ عالم دین نے پڑھایا تھا اور اس کا بھی دستاویزی ثبوت موجود ہے۔جس مکتب سے تعلق کا کالعدم گروہ کا سرغنہ دعویٰ کرتا ہے ، اس کے کفر پر بھی سنی علماء کے واضح فتوے اور کتابیں موجود ہیں، جب کہیں میڈیا پر پیش کردیں گے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کا بانی ایک شیعہ مسلمان تھا، آل انڈیا مسلم لیگ میں جسٹس امیر علی، اصفھانی خاندان، ہلالی خاندان، سر آغا خان ، راجہ صاحب محمود آباد سمیت کئی شیعہ شخصیات اور خاندان شامل تھے اور پاکستان کا بینکنگ نظام اور ایوی ایشن کا نظام شیعہ بزرگان کی مہربانیوں کی وجہ سے ہی قائم اور مستحکم ہوا۔
آئین کی اکیسویں ترمیم میں یہ بات واضح ہے کہ کالعدم جماعتوں کے بیانات نشر کرنے پر پابندی ہوگی چہ جائیکہ ان جماعتوں کے رہنماؤں کے انٹرویو نشر کئے جائیں ، ایسا کرکے جیو ٹی وی نے قومی ایکشن پلان کو کمزور کرکے پاک فوج کے خلاف سازش کی ہے، دہشت گردی کو ابھارنے اور آئین کی خلاف ورزی پر جیو ٹی وی کیخلاف فوجی عدالت اور عام عدالتوں میں مقدمہ قائم کیا جائے اور جیو ٹی کے پروگرام نیا پاکستان کو بند کرکے اس میں ایک اصلی اسلامی مکتب فکر کو کافر قرار دینے والوں کو گرفتار کیا جائے۔جناح سمیت دیگر شیعہ بانیان پاکستان کو کافر قرار دینے والے تکفیری مفتیوں اور کالعدم جماعت کے سرغنہ کو وطن سے غداری کے جرم میں گرفتار کیا جائے اور فوجی عدالت میں ان کے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے۔