وحدت نیوز( کراچی) شہید علامہ دیدارعلی جلبانی کے سوئم پر مجلس وحدت مسلمین کے تحت تعزیتی اجتماعات منعقد کئے گئے اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا گیا جس میں قاتلوں بشمول بعض مدارس میں چھپے دہشت گردوں کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما مولانا دیدار علی جلبانی اور ان کے گارڈ کو منگل کے روز شہید کیا گیا تھا۔ ان کے بہیمانہ قتل اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف منعقدہ یوم احتجاج کے موقع پرکراچی سمیت سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں ، مرکزی احتجاجی مظاہرہ خوجہ مسجد شیعہ اثنا عشری کھارادر کے باہر کیا گیا۔ مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی اور کراچی ڈویژن کے رہنماؤں علی حسین اور مولانا علی انور جعفری نے کہا کہ حکومت سندھ امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول رینجرز اور پولیس سے اعتماد اٹھ چکا ہے، دن دہاڑے شیعہ عمائدین اور علمائے کرام کا قتل حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں موجود کورنگی ، سائٹ اور دیگر علاقوں میں موجود مدارس کے اندر بڑی تعداد میں دہشت گرد موجود ہیں جو شہر کراچی میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے بڑا خطرہ ہیں اور اس حوالے سے خفیہ ایجنسیاں بھی رپورٹ پیش کر چکی ہیں اس لئے حکومت کو چاہئیے کہ ایجنسیوں کی اطلاعات کے مطابق مدارس میں موجود خطر ناک دہشتگردوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور شہر کراچی میں گذشتہ دوماہ میں درجنوں شیعہ عمائدین کے ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
ان کاکہنا تھا کہ مولانا دیدار علی جلبانی کے قتل میں ملوث رینجرز کے ڈی ایس آر سمیت دیگر تمام ذمہ داروں کے خلاف فی الفور کاروائی عمل میں لائی جائے ورنہ احتجاج کا سلسلہ ایوانوں تک بڑھا دیا جائے گا، حکومت یہ بات جان لے کہ ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی سازش در اصل ملک دشمنی اور اسلام دشمنی کے مترادف ہے جس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ شہادت ہماری میراث ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں موت کے خوف سے محمد و آل محمد (ع) کی محبت اور عزاداری سے دور نہیں کر سکتی۔علامہ ا صادق رضا تقوی کاکہنا تھا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے جلوس عزاء یہ ثابت کر دیں گے کہ دشمنان پاکستان اور دشمنان اسلام کی سازشوں کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے خواہ ہمیں کسی بھی قسم کی قربانی دینا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ جس روز سے کراچی میں آپریشن شروع کیا گیا ہے اسی روز سے شہر کراچی میں ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں تیزی آ گئی ہے تاہم پولیس اور رینجرز کسی ایک قاتل کو بھی تا حال گرفتار کرنے میں ناکام رہے ہیں۔اس موقع پر شرکاء نے لبیک یا حسین (ع) اور مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نا منظور کے نعرے بلند کئے۔شرکاء نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، آئی جی سندھ اورڈی جی رینجرز سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما شہید دیدار علی جلبانی سمیت اب تک دوماہ میں شہید کئے جانے والے ملت جعفریہ کئے عمائدین کے قتل میں ملوث تکفیری دہشت گردوں کو گرفتار کر نے کا مطالبہ کیا۔