وحدت نیوز(کراچی) وحدت یوتھ پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری مہدی عباس نے کہا ہے کہ وحدت یوتھ اور وحدت اسکاؤٹس کے جوان سندھ بھر میں عزاداری کے اجتماعات کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور عزاداری کا تحفظ ہمارا شرعی فریضہ ہے جس سے کوتاہی در اصل خیانت کے مترادف ہو گا۔رپورٹ کے مطابق وحدت یوتھ پاکستان سندھ کے سیکرٹری یوتھ برادر مہدی عباس کراچی میں ڈسٹرکٹ اور کراچی ڈویژن کے ذمہ داروں سے خطاب کر رہے تھے۔
برادر مہدی عباس کاکہنا تھا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رح) کے فرمان کے مطابق ہم عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کو شہہ رگ حیات سمجھتے ہیں اور دشمن اسلام اور عزاداری کے دشمنوں کو یہ بات جان لینی چاہئیے کہ ہم اپنی شہہ رگ تک کسی دشمن کے ہاتھ کو پہنچنے سے پہلے ہی کاٹ دیں گے۔انہوں نے سید حسن نصر اللہ کے ایک بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ دشمن یہ بات جان لیں کہ ہمیں موسم کی سختیاں (گرمی و سردی) اور حالات کی کشدگی اور دہشت گردی سمیت بم دھماکوں کے خطرات عزاداری سید الشہداء ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام سے نہیں ڈرا سکتے۔ہمارا سر تن سے جدا تو ہو سکتا ہے لیکن ہم عزاداری سے انحراف برداشت نہیں کر سکتے۔
وحدت یوتھ کے صوبائی سیکرٹری نے سندھ بھر میں وحدت یوتھ اور وحدت اسکاؤٹس کے جوانو ں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وحدت یوتھ اور وحدت اسکاؤٹس کے جوان عزاداری سید الشہداء ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے اجتماعات کی حفاظت اور دفاع کو اولین ذمہ داری سمجھے ہوئے بھرپور خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر کراچی ڈویژن کے سیکرٹری یوتھ برادر عباس صفوی سمیت ڈپٹی سیکرٹری یوتھ برادر محمود اور پانچوں اضلاع کے ضلعی سیکرٹری جنرل برادر حسن، برادر مرتضیٰ، برادر کلیم، برادر آغا کمیل اور برادر حسن موجود تھے۔