وحدت نیوز(حیدر آباد) لطیف آباد میں پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانے بنانے کی پرزور مذمت کر تے ہیں ، جب عوام کے محافظ دہشت گردی سے محفوظ نہ ہوں تو عام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری کون لے گا۔ حیدر آباد جیسے پر امن شہر میں دہشت گردی کی کاروائی جس میں۴ پولیس اہلکاروں سمیت ایم ڈبلیو ایم کے ہمدرد اختر حسین زیدی بھی شہید ہو ئے باعث تشویش ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدر آباد کے سیکریٹری جنرل علامہ امداد نسیمی نے وحدت ہاؤس حیدر آباد سے جاری اپنے بیان میں کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ اس دہشت گردی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دہشتگردوں کو گرفتار کرکے سرعام پھانسی دے ورنہ یہ دہشت گرد حیدرآباد کی فضا کو خراب کرنے میں کوئی قصر نہیں چھوڑیں گے خدارا اب دہشت گرد کو روکا نہ گیا تو ہمارا حیدرآباد جو پر امن شہر ہے وہ دہشت گردوں کی لپیٹ میں نہ آجائے۔ مولانا امداد نسیمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جتنے بھی پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید کبھی نہیں مرتے ، شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں ۔