وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما صادق جعفری نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کو 80 سے زائد دن گزر چکے ہیں، آج وہ اپنی مخدوش صحت کے سبب اسپتال میں داخل ہیں، انہیں کسی بھی قسم کے نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری نواز حکومت پر عائد ہوگی اور ملت تشیع حکمرانوں کو تاریخ کا حصہ بنا دیگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی صحتیابی کیلئے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دعائیہ تقریب میںمیثم رضا عابدی، علامہ نشان حیدر، علامہ علی انور جعفری،علامہ مبشر حسن، ناصر حسینی، انجینئر رضا امام سمیت عہدیداران، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری نے کہا کہ ملت تشیع کی جدوجہد کسی حکومت کو گرانے کیلئے نہیں بلکہ مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے ہیں، اسی مقصد کے حصول کیلئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی احتجاجی بھوک ہڑتال 80 سے زائدروز سے جاری ہے، جس کے باعث وہ اپنی مخدوش صحت کے سبب اسپتال میں داخل ہیں، لیکن جمہوریت کے جھوٹے دعویدار حکمران سن لیں کہ ملت جعفریہ اپنے اس عظیم رہنما کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو کسی بھی قسم کے نقصان کی صورت میں حکمران جماعت برسراقتدار نہیں رہیگی، قائد و اقبال کے پاکستان کے حصول کیلئے محب وطن ملت تشیع کی جاری تاریخی احتجاجی تحریک دہشتگردوں کی سرپرست نواز حکومت کو تاریخ کا حصہ بنا دیگی۔ رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ 7 اگست کو کراچی سے ہزاروں کی تعداد میں ملت جعفریہ کے فرزندان اسلام آباد پہنچیں گے، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کا اجتماع اسلام آباد کی تاریخ کا ایک یاد گار اجتماع ثابت ہوگا، نواز حکومت ہوش کے ناخ لے اور دہشتگرد تکفیری عناصر کی سرپرستی و حمایت پر مبنی پالیسیاں ترک کرکے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے ملک گیر آپریشن کرے۔