وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید میثم عابدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محرم الحرام سے قبل مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور استرکاری کے انتظام کو یقینی بنائے، عزاداری امام حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے درمیان وحدت کا مظہر ہے، یہ عزاداری ہی ہے کہ جس نے حسینی اور یزیدی افکار کے درمیان فرق واضح کیا، مجلس وحدت کے ذمہ داران عزاداروں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکزی عزاداری سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علی حسین نقوی، انجینئر رضا نقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ صادق جعفری، شبر رضا زیدی اور حسنین حیدری سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
میثم عابدی نے مزید کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام کے اجتماعات کو لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، عزاداری امام حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے درمیان وحدت کی علامت ہے، ایک ہزار سال سے شیعہ و سنی عوام مل کر امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے ایام مناتے ہیں، صوبائی حکومت کو چاہیئے کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام کی راہ میں رکاوٹ بننے والی والے عناصر کیخلاف کارروائی کرے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل نے مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں عزاداران امام حسین علیہ السلام کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔