وحدت نیوز(کراچی) سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین سندھ سید علی حسین نقوی نے عید قربان کے دوسرے دن برادر ثمر زیدی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ضلع وسطی، فخر عباس کشمیری سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم ضلع وسطی کراچی کے ہمراہ گلبہار کشمیری محلہ کراچی کا بار دیگردورہ کیا اور اہل علاقہ سے مسائل معلوم کیئے امدادی سامان بشمول پینے کا صاف پانی بچوں کے لئے دودھ کے پیکٹ مقامی رضا کاروں کے حوالے کیئے، اس موقع پر پاسبان عزاء کے رہنماء راشد رضوی انجینئر عابد مبارک نے وفد کو تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی اور متاثرین کی آبادکاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا،رائل کشمیر اسکول کی انتظامیہ نے تباہ حال اسکول کا دورہ کرایا، کشمیری امام بارگاہ کی انتظامیہ کے روح رواں محترم سرتاج و برادر علی کشمیری کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے امام بارگاہ کی صورتحال کا ازسر نو جائزہ لیا اور امام بارگاہ کی بحالی و تزین و آرائش کے لئے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلبہارکشمیری محلے میں گذشتہ دنوں ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد سیوریج کا گندا اورغلیظ پانی گلیوں میں کھڑا ہوگیا اور اب دو فٹ اونچی کیچڑاور گندی کی تہہ دلدل کی صورت میں موجود ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کا نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، ایسے میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری امور سیاسیات علی حسین نقوی نے ضلع وسطی کے سیکریٹری جنرل ثمر عباس زیدی اور دیگر کے ہمراہ عید قربان کے پہلے اور دوسرے دن خود کیچڑاور گندے پانی میں اتر کر علاقہ مکینوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور بچوں کے کیلئے دودھ تقسیم کیا ، جس پر علاقہ مکینوں نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا ، اس موقع پر علی حسین نقوی نے کہا کہ انشاءاللہ علاقہ مکینوں کی مکمل بحالی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔