وحدت نیوز (شکار پور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے ڈکھن پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام سے قبل دہشت گردی کے مراکز اور سہولت کاروں کے خلاف ملک گیر آپریشن ضروری ہے، بلوچستان کے علاقے وڈہ، مستونگ، سریاب روڈ اور مچھ میں موجود دہشت گردی کے ٹریننگ کیمپس سندھ اور بلوچستان کے امن کے لئے مستقل خطرہ ہیں۔ سندھ بلوچستان بارڈر کی سیکورٹی سخت کی جائے اور دھشت گرد نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کی نظر میں پیاسوں کو سبیل پلانا جرم ہے جبکہ بم دھماکے جرم نہیں۔ انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں محرم آتے ہی فروغ عزاداری کے خوف میں مبتلا ہوکر نئی مجالس، جلوس اور سبیلوں پر پابندی اور رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں۔ جبکہ رکاوٹوں کے باوجود ذکر حسین اور عزاداری کے فروغ سے دشمن حیران ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھلگری، جیکب آباد ،شکارپورسمیت ملک بھر میں عزاداری کے پر جتنے دھشت گردانہ حملے ہوئے ان کے مجرموں کو سزا نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر جاری مظالم کا مستقل سد باب ضروری ہے، اور اس قتل عام کے مجرموں کا محاسبہ بھی از حد لازم ہے۔حقوق انسانی کے نام نہاد دعویداروں کوفلسطین، کشمیر، یمن اور برما میں معصوم انسانوں کا بہتا ہوا لہو نظر نہیں آرہا ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ ظلم و بربریت اور دھشت گردی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ برما اور یمن کے مظلوموں کو امن اور انصاف ملنا چاہئے۔