وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین محمود آباد یونٹ کے زیر اہتمام محرم الحرام سے متعلق انتظامات کے حوالے سے امام بارگاہ و مساجد کے ٹرسٹیز و اکابرین علاقہ کی ایک مٹینگ بلائی گئی، جس میں پی ایس 114 سے منتخب نمائندہ سندھ اسمبلی سعيد غنی کو مدعو کیا گیا۔ ٹرسٹیز و اکابرین علاقہ نے انہیں مقامی مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین سندھ سید علی حسین نقوی نے کراچی بھر کے بلدیاتی مسائل بالخصوص مختلف اضلاع میں جلوس عزاء کی گزرگاہوں پر محرم الحرام سے قبل ترقیاتی کام مکمل کروانے کا مطالبہ کیا۔ سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن برادر میر تقی ظفر نے شرکاء مٹینگ کو ایم ڈی واٹر بورڈ سے ھونے والی ملاقات اور اس سے حاصل ہونے والے نتائج سے آگاہ کیا اور علاقہ مکینوں کو مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کے مسئول برادر حسن نے حلقے میں موجود تمام امام بارگاہوں مساجد اور جلوس عزاء کی گزرگاہوں پر موجود درپیش مسائل کو اجاگر کیا۔ سعید غنی نے شرکاء مٹینگ کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے محرم الحرام سے قبل مسائل کو حتی الامکان حل کرانے کی یقین دہانی کرائی. اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین محمود آباد یونٹ کے سیکریٹری جنرل اور ارکان کابینہ نے شرکاء مٹینگ کو اپنی جانب سے ایام عزاء میں ہر ممکن خدمت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔