وحدت نیوز (جیکب آباد) شجرکاری مہم کے سلسلے میںآج المرتضی کالونی جیکب آباد میں خصوصی پروگرام منعقد ہوا۔ شجرکاری مہم میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی، ضلعی سیکریٹری جنرل آغا سیف علی ڈومکی، سیکریٹری تنظیم مولانا حسن رضا غدیری، مولانا منور حسین سولنگی و دیگر شریک ہوئے۔ اس موقعہ پر سٹی آف نالج پبلک اسکول کے طلباء نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ درخت ،کا سایہ جیکب آباد جیسے گرم علاقے کے لوگوں کا بہترین ،حافظ ہے، جو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باوجود گرمی کی شدت سے بچاتا ہے۔ زمین کا حسن ہیں جو ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھتے ہیں، انہوں نے سندہ کے عوام اور تنظیمی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری عبادت ہے روایات میں درخت کاشت کرنے والے کے لئے بے پناہ اجر و ثواب کا ذکر ملتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں کہ مسلمان کوئی درخت یا کھیتی لگائے، اس میں سے انسان ، جانور یا پرندہ کھائے تو یہ درخت لگانے والے کے لئے صدقہ شمار ہوگا۔
علامہ مقصودعلی ڈومکی نے مجلس وحدت مسلمین سندہ کے تمام اضلاع سے اپیل کی کہ وہ شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے درخت لگائیں اور اس سلسلے محکمہ جنگلات ، ضلعی حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں درخت بہترین سہارا ہیں، جو گرمی کی شدت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ماحول کی خوبصورتی اور پاکیزگی میں اضافے کا باعث ہیں۔