وحدت نیوز (شکارپور) وارثان شہداء کمیٹی شکارپور کے ایک وفد نے کمیٹی چیئرمین اور مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی امتیاز احمد شیخ سے ملاقات کی، ملاقات میں وارثان شہداء کمیٹی کے سکندر علی دل، قمرالدین شیخ، ریاض حسین و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ شکارپور ضلع انتہائی حساس اضلاع میں شامل ہے، جہاں تسلسل کے ساتھ دہشتگردی کے سانحات رونما ہوئے ہیں، اس حساس ضلع سمیت سندھ بھر میں شیعہ شخصیات اور اداروں کی سیکورٹی واپس لینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندہ حکومت کے تحریری احکامات کے باوجود یادگار شہداء ٹاور کی تعمیر میں تاخیر افسوس ناک ہے۔ اس موقع پر امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ شکارپور کے عوام کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے میری تمام تر ہمدردیاں وارثان شہداء کے ساتھ ہیں، میں ان مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ درایں اثناء علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ ہم کوئٹہ کے مظلوم مومنین کے ساتھ ہیں، احتجاج کے ہر مرحلے میں ان کا ساتھ دیں گے، آرمی چیف کو فی الفور کوئٹہ جانا چاہئے، ہزارہ اس ملک کے محب وطن اور بہادر شہری ہیں، جن کا مسلسل قتل عام ہو رہا ہے، چار مئی کو کوئٹہ کے مومنین سے اظہار یکجہتی کیلئے سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔