وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین جیکب آباد کے زیر اہتمام کوئٹہ کے مظلوم شیعیان علی ؑ سے اظہار یکجہتی کے لئے جیکب آباد میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ اس موقعہ پر احتجاج پر بیٹھے مظاہرین نے دھشت گردی بند کرو اور کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ کی نسل کشی بند کرو کے نعرے لگائے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ کے مومنین خود کو تنہا نہ سمجھیں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ ہم کوئٹہ کے مظلوم مومنین اور وارثان شہداء کے ساتھ ہیں، احتجاج کے ہر مرحلے میں ان کا ساتھ دیں گے۔ آرمی چیف کو فی الفور کوئٹہ جانا چاہئے ہزارہ اس ملک کےمحب وطن اور بہادرشہری ہیں جن کا مسلسل قتل عام ہورہا ہے،
انہوں نے بتایا کہ چار مئی کو کوئٹہ کے مومنین سے اظہار یکجہتی کے لئے قائد وحدت کی ھدایت پر سندہ بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ مظلومین کوئٹہ کی حمایت کے لئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئیں۔انہوں نے کہا کہ مظلوموں کے حق کے لئے آواز بلند کرنا قابل ستائش عمل ہے ہم امید کرتے ہیں کہ کوئٹہ کے مظلوم شیعیان علی ؑ جدوجہد کے اس مرحلے میں سرخرو ہوں گے۔ مجلس وحدت مسلمین مظلومین کے ساتھ ہے۔ ہم چیف جسٹس سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی کا از خود نوٹس لے، اسی ہزار شہداء کے وارث انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں، صورتحال یہ ہے کہ عدالتوں سے قاتل دھشت گرد باعزت بری ہوجاتے ہیں۔