وحدت نیوز (گڑہی یاسین) مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے زیراہتمام ضلعی پولٹیکل کونسل اور معززین کا اہم اجلاس پیر چنڈام میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ سندہ کے منتخب حلقوں سے مجلس وحدت مسلمین اپنے امیدوار کھڑے کر رہی ہے۔ دھشت گردی اور کرپشن ملک کے دو بڑے مسائل ہیں جن کے خلاف ہم نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا پانچ سالہ دور حکومت ملکی تاریخ کا سیاہ دور رہا، جس میں عوام غیر محفوظ رہے ،ملکی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، اور امریکی سامراج کی مداخلت رہی۔ ہم کرپشن اور دھشت گردی سے پاک ، پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔
صحافیوں کی جانب سے ایم ایم اے کی حمایت کے سوال پرجواب دیتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے کبھی بھی شیعہ نسل کشی کی کھل کر مذمت نہیں کی، ڈیرہ اسماعیل خان جو کہ مولانا کا حلقہ انتخاب اور گھر ہے میں مسلسل شیعیان علی ؑ کا قتل عام ہورہا ہے مگر وہ کبھی اس قتل عام کے خلاف نہیں بولے اور نہ ہی وہ شہداء کے گھر تعزیت کے لئے گئے۔ ایم ایم اے کو اسلام کی بجائے اسلام آباد کی فکر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل نے اپنے امیدواروں کی حمایت کے لئے رابطہ کیا تو پارٹی مشاورت کے بعد جواب دیا جائے گا، ہم باکردار اور صالح افراد کو پارلیمنٹ میں دیکھنا چاہتے ہیں، ایس یو سی کے ساتھ اشتراک عمل کی صورت نکل سکتی ہے۔ملت کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے باکردارصالح شیعہ امیدواروں کو سپورٹ کریں گے۔
تقریب سے مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے سیکریٹری جنرل برادر فدا عباس لاڑک و دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل برادر احمد علی برڑو، مجلس وحدت کے ضلعی رہنما محبوب علی ابڑو،شاکر حسین، مستنصر مہدی، دریا خان جتوئی و دیگر شریک ہوئے۔