وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں امیدواروں کے لئے بھاری فیسوں کی وصولی افسوسناک فیصلہ ہے، الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر تجدید نظر کرے۔بھاری انتخابی اخراجات کا مقصد غریب کسان اور مزدور کا راستہ روکنا ہے، سرمایہ دار اور جاگیردار، چوہدری، نواب اور سردار وںپر مشتمل اسمبلی عوام کے کسی درد کی دوا نہیں۔ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے امیدوار کے لئے تیس ہزار اور صوبائی اسمبلی امیدوار کے لئے بیس ہزار روپے فیس مقرر کرکے بھاری انتخابی اخراجات کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ آج بھی مزدور پانچ سو روپے دھاڑی پر کام کرتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قومی اسمبلی کے امیدوار سے پندرہ سو روپے جبکہ صوبائی اسمبلی کے لئے ایک ہزار روپے فیس لی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو صادق و امین، دیندار اور دیانتدار اراکین اسمبلی کی ضرورت ہے جو آئین کی دفعہ 62 اور 63 پر پورا اترتے ہوں۔ جن کا دامن کرپشن سے پاک ہو۔ الیکشن کمیشن انتخابات میں ہونے والے بے تحاشا اخراجات کا راستہ روکے کروڑوں روپے انتخابات پہ لٹانے والے امیدوار کئی گنا سود کے ہمراہ قوم سے پیسے واپس لیتے ہیں، بلند و بالا دعووں کے باوجود الیکشن کمیشن کبھی بھی ان کا راستہ نہیں روک سکا۔انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ الیکشن کی بھاری فیسوں اور غریب کسان مزدور کے الیکشن میں حصہ لینے کا راستہ روکنے کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے فیس کم یا معاف کر دے۔