وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن رضا نے ہنگو اورکزئی میں ہونے والے حالیہ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے امریکہ مخالف بیان کے بعد پر امن فضاء کے درمیان دہشت گردی کا واقعہ معنی خیز ہے ۔انہوں نے واقعہ کو غیر ملکی سازش قرار دیا اور اورکزئی ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور نتیجہ خیز آپریشن کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے لئے دہشتگردوں کی سیاسی کمین گاہوں کو ختم کرنا ہوگا ۔
انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے تین روزہ سوگ کے اعلان کو شہداء سے دلی اظہار یکجہتی قرار دیا اور ساتھ ہی زخمیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔انہوں نے کراچی میں چینی سفارت خانے پر حملہ کی بھی مذمت کی اور کہا کہ واقعہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش ہے ۔انہوں نے کہا حکومت کو قیام امن کے لئے موثر اور دیر پا حکمت عملی بنانا ہوگی ،جس پر آزادانہ طریقہ سے عمل کو بھی یقینی بنایا جاسکے ۔