وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ کہ پاکستانیوں نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے کہ وہ بیت المقدس سمیت فلسطین کی ایک انچ زمین پر بھی نسل پرست غاصب اسرائیل کا قبضہ قبول نہیں کریں گے۔علامہ باقر زیدی نے حیدرآباد میں مرکزی آزادی القدس ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے غاصب کے فلسطین پر ناجائز قبضے کو جائزقرار دینے کی نیت سے اور فلسطینیوں کے حقوق کی مزید پامالی کے لئے ڈیل آف دی سینچری کے عنوان سے اس صدی کا سب سے بڑا فراڈ کیا جارہا ہے۔ البتہ مسلمان اور عرب عوام اسکو مسترد کرچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس پر سودے بازی قابل قبول نہیں ہے۔ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ غیر فلسطینی نسل پرست زایونسٹ قابضین کا فلسطین پر کوئی حق نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صیہونی قابضین کو ان ممالک میں واپس جانا ہوگا کہ جہاں سے انہیں لاکر فلسطین پر قبضے کے لئے آباد کیا گیا تھا۔ جبکہ وہ فلسطینی جنہیں پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور کردیا گیا ہے انکو انکے اصل وطن فلسطین میں لاکر آباد کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس یعنی مقبوضہ یروشلم کو آزاد و خود مختار ریاست فلسطین کا دارالحکومت بنائے بغیر، پناہ گزین فلسطینیوں کو فلسطین واپسی کا حق دیئے بغیر مسئلہ فلسطین کو حل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اگر فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق سے انکار کیا گیا تو پھر آزادی فلسطین کے لئے مسلح مزاحمتی تحریک کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔