وحدت نیوز (کراچی) بےحس حکمرانوں نے شہر قائد کو کربلا بنادیا ہے، شہری بوند بوند پانی کوترس رہے ہیں۔ ٹینکرمافیا اور آراو پلانٹ مالکان نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان کراچی میں پانی بحران کا نوٹس لیں ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کےڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشرحسن نے وحدت ہاؤس کراچی میں اراکین کابینہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوںنے کہاکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں شہری پانی کی قلت کے باعث شدیدذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں ۔شہری پانی کی تلاش میں سرگرداں ہیں ۔ پانی کے بحران کے باعث واٹر ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے ۔منہ مانگے داموں پر بھی پانی کا حصول مشکل بناہواہے ۔ رہی سہی کسر جگہ جگہ لگے کمرشل آراو پلانٹس نے پوری کردی ہے ۔ ان آراو پلانٹس کے باعث پانی کی زیر زمین سطح 400سے 500فٹ تک جاپہنچی ہے ۔اگر صورت حال ایسی ہی رہی تو جلد شہر قائد میں ایک شدید انسانی بحران جنم لے سکتا ہے ۔
علامہ مبشر حسن چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر قائد میں پانی بحران پر ازخود نوٹس لیں۔ سندھ کی صوبائی حکومت اور شہری حکومت سے کے تھری اور کے فور منصوبوں کے متعلق جواب طلب کیا جائے کہ عوام کا اربوں روپے ٹیکس کا پیسہ کہاں ڈبودیا گیا ہے ۔ انہوںنے اعلیٰ عدلیہ سے واٹرٹینکرمافیا اور کمرشل آراوپلانٹ مافیاکے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔