تمام شیعہ سنی مل کر جشن عید میلاد النبیؐ مناکراسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں ،علامہ باقر زیدی

05 November 2019

وحدت نیوز (کراچی) ماہ مبارک ربیع الاول کے موقع پر پاکستان کے غیور شیعہ و سنی عوام مشترکہ طور پر جشن عید میلادالنبیؐ مناتے ہوئے ہمارے مشترکہ دشمن امریکہ و اسرائیل اور دیگر تکفیری عناصرکی مذموم سازشوں کوناکام بنا ئیں۔  12ربیع الاول کا دن ملت جعفریہ اپنے اہلسنت بھائیوں کے ہمراہ جشن میلاد النبی شایان شان طریقے سے منائے گی۔

اطلاعات کے مطابق صوبائی میڈیا سیل سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ماہ مبارک ربیع الاول کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی امام خمینی ؒ کے فرمان اورمجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر 12تا17ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا۔

اس سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر میں جشن میلاد النبی و ہفتہ وحدت کانفرنسز،ریلیاں۔درود وسلام کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔ 12ربیع الاول کا دن ملت جعفریہ اپنے اہلسنت بھائیوں کے ہمراہ بھرپور انداز میں جشن میلاد النبیؐ کے دن کو شایان شان طریقے سے منائے گی۔جبکہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں کے راستوں پر استقبالیہ کیمپ اور سبیلوں کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے۔

علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی مسلمانوں نے محرم الحرام میں اپنے اتحاد و اتفاق سے دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیاہے، نواسہ رسولؐ  امام حسین ؑ کا غم اور رسولؐ خدا کی ولادت کا جشن امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے۔ مملکت خداداد پاکستان کے حکمران اور سیاست دان اگر رسول کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں تو ملک کو درپیش مشکلات اور دہشت گردی جیسے عفریت سے مکمل چھٹکارہ ممکن ہے۔

انھوں نے کہا کہ رسول اکرمؐ کی ذات اقدس امت مسلمہ کیلئے نقطہ اتحاد ہے۔ ربیع الاول کا مقدس اور بابرکت مہینہ امت محمدی کے لئے اتحاد اوربھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان وطن عزیز میں عملی وحدت کی داعی جماعت ہے ، ہم تمام مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کے لئے کوشاں رہے ہیں اور رہیں گے۔

 علامہ باقر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کااتحاد ہمارے مشترکہ دشمن امریکہ و اسرائیلی اور تکفیری عناصر کی جانب سے انتشار و نفرت پھیلانے کی مذموم سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے ۔ علامہ باقر زیدی نے ملکی سیکورٹی صورت حال کے پیش نظر حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ جشن میلاد النبی ؐکےجلسے ، جلوسوں اور خصوصا محافل کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے ۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree