وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے وفدکی سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی کی سربراہی میں جنرل مینیجرکے الیکٹرک آئی بی سی ملیر مزمل الہیٰ سے ملاقات، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنماسید عارف رضا اور ممتاز مہدی بھی ان کے ہمراہ تھے، ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں نے ماہ مبارک رمضان تک ملیر کے بہتر ریکوری والے علاقوں کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کا مطالبہ کیا، احسن عباس رضوی نے کہاکہ بنڈل کیبلنگ اور نئے میٹرز کی تنصیب کے بعد وولٹیج کی کمی بیشی اور بجلی چوری جیسے مسائل کا خاتمہ ہوا ہے، جبکہ صارفین کی جانب سے واجبات کی بروقت ادائیگی کی پابندی بھی کی جارہی ہےجس کا واضح ثبوت ریکوری ریشو میںمسلسل اضافہ ہے، جبکہ ادارے کو خاطرخواہ منافع بھی حاصل ہورہاہےادارے کو بجلی چوری سے نجات اور خسارے میں کمی کے بعد عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ ملیر ، جعفرطیار، محمدی ڈیرہ، سعود آباد، کھوکراپار،برف خانہ ، معین آباد اور دیگر علاقوں کو جلد از جلد لوڈ شیڈنگ فری قراردیا جائے۔
جنرل مینیجرکے الیکٹرک مزمل الہیٰ نے ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں کو یقین دہانی کروائی کہ انشاءاللہ ماہ مبارک رمضان تک جعفرطیار سوسائی ملیر اور ملحقہ بہتر ریکوری والے علاقوں کو لوڈ شیڈنگ فری کردیا جائے گا،ایم ڈبلیوایم کی جانب سے سروے نمبر 491،492اور نادعلی اسکوائرکے علاقے کو پیر محفوظ فیڈر پر منتقل کرنے کے مطالبے پر کے الیکٹرک حکام نے کہاکہ تمام مذکورہ سروے آج ہی دوبارہ پیر محفوظ فیڈر پر منتقل کرکے جعفرطیار سوسائٹی کے ساتھ منسلک کردیئے جائیں گے اور صارفین کو اضافی لوڈشیڈنگ کا بھی سامنا نہیں ہوگا،انہوںنے مزید کہا کہ مرکزی امام بارگاہ سب اسٹیشن کی مرمت کے باعث بعض صارفین کو درپیش مشکلات اور اضافی لوڈ شیڈنگ کا آئندہ ہفتے تک خاتمہ کردیا جائے گا۔
سروے نمبر 417جعفرطیار سوسائٹی کے مکینوں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی پرجی ایم مزمل الہیٰ نے کہاکہ نفیس فیڈر پر جلد بنڈل کیبلنگ اور نئے میٹرز کی تنصیب کا کام مکمل کرکے صارفین کی شکایت کا ازالہ کردیا جائے گا، ایم ڈبلیوایم کے وفد کی جانب سے محمدی ڈیرہ کے رہائشی عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی پرجی ایم کے الیکٹرک نے کہاکہ باغ ملیر فیڈر پر مشتمل علاقوں میں بنڈل کیبلنگ اورنئے میٹرز کی تنصیب کاکام آخری مراحل میں ہے،جلد ہی محمدی ڈیرہ ، مسرت کالونی ، بکرا پیٹری ، داؤد گوٹھ، باؤٹ گوٹھ، محبت نگر کے عوام بھی بہتر ریکوری کے بعد لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کرسکیں گے۔