وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی جانب سے امام حسن علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر افطار ڈنر اور جشن کا انعقاد صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار میں کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ مرزا یوسف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسن علیہ السلام کی سیرت ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے، امام (ع) کی زندگی کے بہت سے پہلو ایسے ہیں جو تاحال پنہاں ہیں، امام علی (ع) نے اپنے بیٹوں امام حسن (ع) اور امام حسین (ع) کو ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مددگار بنے رہنے کی وصیت کی تھی، شہادت امام علی (ع) کے بعد امام حسن علیہ السلام جب منصب امامت پر فائز ہوئے تو امت مسلمہ کے کئی پیچیدہ معاملات آپ کے سامنے تھے، جنہیں آپ نے انتہائی بصیرت اور سمجھداری کے ساتھ حل کیا، امام علی (ع) کی سیرت کے مطابق آپ ظالموں سے جہاد کرتے رہے اور مظلوم کے مددگار بنے رہے، صلح امام حسن (ع) امام کی زندگی کا ایک پہلو ہے جبکہ آپ کی پوری زندگی مسلمانوں کے لئے اسوہ ہے، تاہم بدقسمتی سے امام (ع) کے نقش زندگی تاحال پنہاں ہیں جبکہ صلح کا پہلو بھی ایک تشنہ طلب موضوع ہے۔
علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ کورونا وائرس میں صحت عامہ کے متعلق ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل کرنا ضروری ہے۔ علامہ مرزا یوسف نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں لاک ڈاؤن کے باعث محدود آمدنی والے افراد کے لئے دوگنی مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے زبانی جمع خرچ سے بڑھ کر عملی اقدامات بروئے کار لائے۔ اس موقع پر نماز باجماعت ادا کی گئی۔ جشن کی تقریب سے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صوبائی رہنما ناصر حسینی نے بھی خطاب کیا جبکہ شعراء کرام ناصر آغا، نوید حسین رضوی، زوہیب حسن، علی رضا جعفری نے منظوم نذرانہ عقدیت پیش کئے، جشن امام حسن علیہ السلام میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی سندھ قمر عباس رضوی، مودت TV کے صادق زیدی، افتخار حسین، دانش عابدی اور اراکین نے شرکت کی۔ آخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔