ملک دشمن قوتوں کی فرقہ وارانہ سازشوں کے خلاف ایم ڈبلیوایم ماتلی کی عظیم الشان پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد

20 September 2020

وحدت نیوز(ماتلی) وطن عزیز میں ملک دشمن قوتوں کی ایماءپر بڑھتی ہوئی تکفیریت ، دہشت گردی ، انتہاپسندی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد المرتضیٰ ہوٹل سے ماتلی پریس کلب تک کیا گیا۔ریلی میں رہنماؤں سمیت خواتین، بچوں، بزرگوں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔مظاہرین نے پلے کارڈز و بینر اٹھائے ہوئے تھے جس پر پاکستان زندہ باد، فرقہ واریت نہ منظور،اسرائیل نامنظور، امریکہ و اسرائیل مردہ باد، شیعہ و سنی اتحاد کے نعرے درج تھے۔ریلی کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے کی۔ریلی کے شرکاء نے فرقہ واریت، کالعدم جماعتوں اور گریٹر اسرائیل کی تکمیل کے لیے کی جانے والی جارحانہ کوششوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے ماتلی پریس کلب پہنچی جہاں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے رہنما علامہ سید باقر عباس زیدی، سید علی حسین نقوی، علامہ رضا محمد سعیدی، یعقوب الحسینی، علامہ سید علی انور جعفری، شیعہ علماء کونسل کے سید اعجاز شاہ ترمیذی، پیارعلی کھوسو، شیعہ الائنس کے رہنما سید سردار علی شاہ، سید نجف عباس شاہ، برادر لیاقت علی خواجہ، برادر ارشاد گہری ایم ڈبلیو ایم ضلع بدین کے سیکرٹری جنرل علامہ عالم طاہری،ڈسٹرک ٹنڈو محمد خان کے سیکرٹری جنرل محب علی بھٹو سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کے عزائم کو ملکی سالمیت و استحکام کے خلاف عالمی سازش کا حصہ قرار دیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر زیدی نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز مختلف مشکلات و بحرانوں کا شکا ر ہے۔ پوری دنیا بالخصوص جنوبی ایشیا اور پاکستان حساس حالات سے
گزر رہے ہیں۔نئے بلاک وجود میں آنے سے عالمی ہوزیشن اور طاقت کے توازن میں تبدیلی آ رہی ہے۔پاکستان کے دشمن اندرونی خلفشار پیدا کر کے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔۔ دشمن پاکستان کے اہم ترقی کے منصوبے سی پیک کی کامیابی سے خائف ہے۔ملک دشمنوں کی سازشوں سے تمام محب وطن بابصیرت لوگ اضطراب اورپریشانی کا شکار ہیں۔ شیعہ اور اہلسنت کو باہم ملکر دشمن کی اس سازش کو اپنے اتحاد اور اتفاق کے ذریعہ ناکام بنا نے کی ضرورت ہے

انہوں نے کہا کہ قبلہ اول اورفلسطین میں بسنے والے مظلوم بین الاقوامی اسلام دشمن قوتوں کے دباؤ کا شکار ہیں۔ کشمیر کے عوام ایک سال سے زائد عرصہ سے مودی اسٹیبلشمنٹ اور انڈین آرمی کے محاصرے میں ہیں۔ کشمیر اور فلسطین میں بسنے والے مظلوموں کی آس پاکستان ہے۔ اس وقت وہ مظلومین پاکستان میں موجودہ فرقہ واریت پروان چڑھانے کی کاوشوں  سے پریشان ہیں۔ ہم شیعہ سنی وحدت سے دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ہم ان مظلوموں کے ساتھ ہیں،انہوں نے ایم ڈبلیو ایم سندھ کی جانب سے صوبہ بھرمیں اسرائیل نا منظور مہم چلانے کا اعلان کیا۔

ریلی سے خطاب میں رہنما علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ شہدائے پاکستان و شہدائے کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وطن کا دفاع کرنے والے ہر فرد بشمول افواج پاکستان، پولیس، رینجرز، اور دیگر اداروں کے اہلکاروں سمیت سول اداروں کے اہلکاروں اور دہشت گردی کا شکار ہونے والے 70ہزار سے زائد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ انکے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔کہ محرم الحرام میں عزاداروں، خطبا اور واعظین کے خلاف ایف آر ختم کی جائیں۔ پاکستان میں ملت جعفریہ کے خلاف مظاہروں اور یزید  کی شان میں مدح سرائی اور برآمد کی جانے والی ریلیوں کی مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان وطن دشمن اور اسلام دشمن مظاہروں کو
روکیں۔

ریلی سے خطاب میں علامہ رضا محمد سعیدی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم اورعلامہ اقبال کے پاکستان کے بیانیہ کو مسخ کرنے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے ایک طرف اہل تشیع کو اور دوسری طرف اہل سنت میں اندرونی خلفشار پیدا کرنا اور تیسری طرف اہل تشیع اور اہل سنت کو آپس میں لڑانے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔ ان حالات میں ہم شیعہ اورسنی دونوں اپنا عقیدہ چھوڑو نہیں اور کسی کا عقید ہ چھیڑو نہیں کے اصول پر سختی سے کار بند رہیں فقہ جعفریہ کے مسلمہ عقائد پر کاربند رہتے ہوئے اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المومنین کی جدو جہد جاری رکھی جائے گی۔ مسلمہ مقدسات اہل سنت کی توہین کو اپنے علماء و مراجع کے فتویٰ کے مطابق حرام اور ناجائز سمجھتے ہیں۔

ریلی سے خطاب میں علامہ علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ اس سال چہلم امام حسین علیہ السلام کا دن شیعہ سنی وحدت کاعظیم مظہر ہو جس سے دشمن کے عزائم  ناکام ہوں۔ تمام محبان اہل بیت علم حضرت عباس کے سائے میں پاکستانی پرچم بلند کرتے ہوئے چہلم امام حسین علیہ السلام میں شریک ہوں۔

ریلی سے خطاب میں رہنما یعقوب الحسینی کا کہنا تھا کہ ہم فرقہ واریت پھیلانے کی ہر کوشش کی مذمت کرتے ہیں اور اس کا راستہ روکنے کا عزم کرتے ہیں اہلسنت علماء واکابرین سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں، ہم ناصبیت، سلفیت اور تکفیریت کا راستہ مل کر روکیں تا کہ ملک میں امن و امان کی فضا کو بہتر بنایا جا سکے۔جو شخص بھی ملک میں فتنہ گری کرے، یا نفرتیں پھیلائے، فرقہ واریت کو ہوا دے، اس سے ہم شیعہ و سنی اعلان لاتعلقی کریں اور اس کا راستہ بھی روکیں۔ریلی کے اختتام پر علامہ عالم طاہری نے وطن عزیز کی سر بلندی استحکام پاکستان و ترقی کیلئے خصوصی دعا کرائی اور ریلی میں شامل معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree