وحدت نیوز(کراچی)مرکزی اربعین کمیٹی کراچی کی جانب سےوحدت ہاوس کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماعلامہ باقر عباس زیدی ،آئی ایس او کے رہنمامولانا عقیل موسی ،شیعہ علماءکونسل کے رہنماعلامہ کامران عابدی،علی حسین نقوی،مولانا علی انور ،عسکری زیدی،احمد علی جعفری کا کہنا تھا کہ ماہ صفر کی بیس تاریخ کو نواسہ رسول (ص) اور مظلوم جہاں حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے ان باوفا اصحاب کہ جو سنہ ۶۱ ہجری میں کربلائے معلی کی سرزمین پر اسلام کی بقاء کی خاطر شہید ہوئے، ان کا چہلم چودہ سو سال سے پوری دنیا میں منایا جا رہا ہے لہذا اسی تسلسل میں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عاشقان رسول اکرم (ص) و اہلبیت علیہم السلام نواسہ رسول (ص) کا چہلم مناتے ہیں۔ لہذا اس سال بھی چہلم امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے پاکستان بھر میں چہلم کے اجتماعات اور جلوس برپا کئے جا رہے ہیں۔
رہنماؤں نے کہاکہ کورونا وباء کے باعث سرحدوں کی بندش ہے اور زائرین امام حسین علیہ السلام عمومی طور پر کربلائے معلی کی طرف عازم سفر نہیں ہو پائے ہیں۔ تاہم اس برس پاکستان میں چہلم امام حسین علیہ السلام ایک نئے جوش اور ولولہ اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔عزاداری کے جلوسوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی متعلقہ ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے۔جسے ہر حال میں پورا کیا جانا چاہیے ۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس بار چہلم شہدائے کربلاشیعہ سنی وحدت کا شاندار مظہر ہو گا۔ ہم وفاقی اور سندھ حکومت سے گذارش کرتے ہیں کہ اس سال چہلم نواسہ رسول (ص) ابا عبد اللہ امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے شہریوں اور عزاداروں کے لئے ہمیشہ کی طرح بہترین انتظام اور سہولیات فراہم کریں۔ ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ حکومت کی صفوں میں موجود ایسے عناصر اور کالی بھیڑیں موجود ہیں جو چہلم امام حسین علیہ السلام کے تقدس کو پامال کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کر کے پر امن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں لہذا ہم ان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ عناصر ہوش کے ناخن لیں۔
ہم حکومت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ نواسہ رسول اکرم (ص) سے عقیدت اور محبت کے اس سفر میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ اور اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا لہذا حکومت اپنی صفوں میں موجود ایسے عناصر کا تدارک کرے بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔مشترکہ پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین ،شیعہ علماکونسل ،آئی ایس او و دیگر ملی تنظیموں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔