وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے گللگت بلتستان میں شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد پرمتعلقہ اداروں اورکامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ جی بی میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بننے کے امکانات واضح ہیں۔جی بی کے عوام کی طرف سے پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار وزیر اعظم کی طرف سے آئینی صوبے کے قیام کے وعدے پر کیا گیا۔حکومت کی تشکیل کے بعد جی بی کی آئینی حیثیت واضح کرنے کے لیے عوام سے کیے گئے عہد و پیماں پر عمل ہونا چاہیے۔گلگت بلتستان کے عوام کو طب اور تعلیم کی جدید سہولیات سمیت روزگار فراہم کر کے ان کو ان کی دیرینہ مشکلات سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کامیاب امیدوار میثم کاظم علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ایم ڈبلیو ایم عمل اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔عوام سے کیے گئے وعدوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ہم نے سانحہ چلاس سے لے کر آج تک جی بی کے عوام کے حقوق کی جنگ ہر محاذ پر لڑی ہے۔آئندہ بھی انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تہتر سالہ محرومیوں کے خاتمے کا وقت آ گیا۔عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے مجلس وحدت مسلمین حکومت کے ساتھ مل کر قانون سازی کرے گی۔ ماضی میں عوام کو محض زبانی جمع خرچ پر بہلانے والوں نے اپنے سیاسی تابوت میں خود ہی آخری کیل ٹھونک دی ہے۔اب گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے سنہرے دور کا آغاز ہو گا جس سے یہاں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔