وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں ہر سال آخری جمعہ کو اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینیؒ کے فرمان کے مطابق دنیا بھر میں یوم القدس منایا جاتا ہے، یوم القدس ایک ایسا تاریخی موقع ہے کہ جو نہ صرف فلسطینی مظلوم عوام سے مناسبت رکھتا ہے، بلکہ دنیا کی تمام مظلوم اقوام کے حق کی بات کرتا ہے، اس عنوان سے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں یکجہتی فلسطین اور عالمی یوم القدس کی مناسبت سے پروگرامات منعقد کئے جاتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ کی جانب سے جمعۃ الوداع یکجہتی فلسطین اور یوم القدس کے حوالے سے سندھ بھر میں جمعہ اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی جائیں گی، کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایمان ناظم اباد کے باہر منعقد کیا جائے گا۔
کراچی پریس کلب میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ القدس مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر ہے، پوری امت کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، مسئلہ فلسطین تاریخ کے سنگین دور سے گزر رہا ہے، دنیا میں پھیلی کورونا وبا کے باعث جہاں کئی ایک اور مسائل نے جنم لیا ہے، وہاں مسئلہ فلسطین کو بھی پس پشت ڈال دینے کی ہر ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے، پہلے کی نسبت آج فلسطین کاز کے خلاف اندرونی و بیرونی دشمن سرگرم ہوچکے ہیں، امریکا، اسرائیل، ہندوستان اور ان کے دوست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں، کشمیر میں مظلوم عوام انصاف کی راہ تک رہے ہیں۔
رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی جانب سے عزاداروں کے خلاف متعصبانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے اور عزاداروں کے خلاف متعصبانہ کارروائیوں کو فی الفور بند کیا جائے اور گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔