وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سیدباقرعباس زیدی نے کراچی سمیت سندھ بھرمیں عشرہ محرم الحرام اور یوم عاشورا کے پر امن انعقاد پر سندھ حکومت ، شہری حکومت اورسکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیاہے، میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چند ایک واقعات کے علاوہ صوبے بھرمیں عزاداری کے پر امن انعقاد پر سندھ رینجرز اور سندھ پولیس کے انتظامات مثالی رہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ایماء پر کراچی میں عباس ٹاؤن ، منگوپیر ، میر پورخاص، سکھر ، بدین ، ماتلی میں محرم الحرام کے پر امن ماحول کو ثبوثاژ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن عزاداران حسینی ؑ نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے صبر وضبط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ سندھ پولیس میں شامل بعض کالی بھیڑیں ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی میں مصروف نظر آئیں ان کے خلاف فوری کاروائی بھی وقت کا تقاضہ ہے ۔
علامہ باقرعباس زیدی نے سندھ بھرمیں مجموعی طور پرعشرہ محرم الحرام اور یوم عاشورا کے پر امن انعقادکیلئے بہترین انتظامات پرسندھ حکومت ، شہری حکومت ، ضلعی انتظامیہ اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،کورکمانڈر کراچی ، ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل افتخار حسن چوہدری ، آئی جی پولیس سندھ مشتاق مہر کو داد وتحسین پیش کی ہے کہ جن کی موثر حکمت عملی کی بدولت سندھ بھرمیں عشرہ محرم الحرام کا پرامن انعقاد یقینی بنا۔
علامہ باقرعباس زیدی نے امید ظاہر کی ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعات کی شفاف تحقیقات کے نتیجے میں ملوث تکفیری دہشت گردوں کے خلاف فوری قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران علمائے اہل سنت اور اہل سنت حسینیوں کی جانب سے بھی جس طرح عشق اہل بیت ؑ کا مظاہرہ کیا گیا وہ دیدنی ہے، انشاءاللہ شیعہ سنی مسلمان اور عاشقان اہل بیت ؑ مل کر تکفیریوں کی ملک دشمن اور اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔
دوسری جانب علامہ باقرعباس زیدی نے بہاولنگرمیں جلوس عاشورا پر حملے کی مذمت کرتے ہوئےاسے پنجاب حکومت کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناقص حکمت عملی کے سبب بہاولنگرمیں تکفیری دہشت گردوں نے جلوس عزا پر حملہ کرکے عزاداروں کو شہید وزخمی کیاجبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے بھی عزاداری امام حسینؑ میں رکاوٹوں اور عزاداروں کو تنگ کرنے کا روایتی سلسلہ اس سال محرم الحرام میں بھی جاری رہا جوکہ قابل مذمت ہے ۔