وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے محرم الحرام ظالم کے مقابلے میں مظلوم کی فتح کے اظہار کا مہینہ ہے، آج پوری دنیا میں دو گروہ برسرپیکار ہیں، ایک طرف مظلومین جہاں ہیں اور دوسری طرف ظالم استکباری قوتوں نے پوری دنیا کے امن کو داؤ پر لگا رکھا ہے، محرم میں اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے کہ جس طرح امام عالی مقام علیہ السلام عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر باطل کے مقابلے میں ڈٹے رہے، آج ان کے چاہنے والوں کو اسی عزم و حوصلے کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے، امام حسین علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے ظالموں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ شام، یمن سمیت خطے کے مختلف حصوں میں ظالموں کو بدترین ہزیمت کا سامنا ہے جس کی بنیادی وجہ ان مومنین کی استقامت ہے جو حسینی فکر کے پیروکار ہیں اور مدمقابل قوتیں یزیدی گروہ سے ہیں، محرم دور حاضر کے یزید کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے امت مسلمہ کے درمیان بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا جائے اور ان قوتوں کو بے نقاب کیا جائے جو مذہب کا لبادہ اوڑھ کر اسلام دشمنوں کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔