وحدت نیوز(کراچی) دعا کمیٹی کراچی و صوبائی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کی جانب سے ہفتہ وار اجتماعی دعائے توسل و محفل میلاد جشن مولود کعبہ بسلسلہ ولادت باسعادت حضرت علی علی ابن ابی طالب علیہ السلام محفل شاہ خراسان روڈ پر منعقد ہوئی،جس میں سماجی، سیاسی شخصیات مومنین و مومنات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تلاوت دعا کی سعادت محمد ارسلان رضوی نے حاصل کی۔
شہر کے معروف شعرائے کرام، منقبت خواں، اہلسنت سے تعلق رکھنے والے نعت خواں حکیم فیض سلطان قادری، قوال عمران، مجاہد، حیدر زیدی، ظہیر جارچوی، بلوچستان سے ہی تعلق رکھنے والے مہمان سجاد حسین و برادران، محمد رضا نقوی، محمد ارسلان رضوی، ریاست میر، نقی لاہوتی، راشد جلالوی، عبداللہ شریفی، عدنان سیفی، محمد علی جلالوی و دیگر نے بارگاہ ولایت حضرت امام علیؑ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
علامہ اظہر حسین نقوی، دعا کمیٹی کے رکن علامہ سجاد شبیر رضوی، ناصر حسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 رجب المرجب کا دن ایسا دن ہے کہ گلستان وحی اور وحی کے امانتدار امام علیؑ دنیا میں تشریف لائے، اس موقع پر بردار ناصر حسینی نے کہا کہ حکومت نے نصاب تعلیم میں عقائد کو تبدیل کیا ہے اور ملت جعفریہ پاکستان کو دیوار سے لگانے کی شازش کی جارہی ہے ہم اتحاد بین المسلمین کے ذریعے حکومتی اداروں و تکفیری دہشت گردوں کی تمام استعماری سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
علامہ اظہر نقوی نے کہا کہ حضرت امام علیؑ کے ذکر سے مومنین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھتے ہیں اور منافقین کے چہرے مرجھا جاتے ہیں ہمیں خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں حضرت امام علیؑ کی ولایت پر ایمان رکھنے والا بنایا ہے، آج پاکستان میں حضرت امام علیؑ کے ماننے والے اس ملک کو بچانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے چلے آئے ہیں اس موقع پر سماجی شخصیت دانش بخاری اور دیگر رہنماؤں نے کیک کاٹا اور شرکاء محفل میں تقسیم کیا۔