وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے ترجمان علامہ گل حسن مرتضوی کی سربراہی میں یوم القدس کے حوالے سے آئی ایس او ڈویژن حیدرآباد اور اصغریہ آرگنائیزیشن حیدرآباد کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد حیدرآباد پریس کلب پر کیا گیا۔ جس میں مولانا سید ذوالفقار کاظمی، ایڈووکیٹ رحمان رضا عباسی، مولانا ملازم حسین، مولانا عمران علی دستی، فرمان حیدر بھٹی، سید قیصر رضوی اور انتظار مہدی زرداری نے شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت اور ظلم و جبر دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی تمام حدیں پار کرچکا ہے، مسلمانوں کی نسل کشی کرتے وقت تمام انسانی اقدار کو پامال کیا جا رہا ہے، معصوم بچوں جوانوں اور بوڑھوں کو بےدردی سے قتل کیا جا رہا ہے، انہیں اسیر کیا جا رہا ہے یہاں تک کہ عورت کی عزت اور حرمت کو پامال کرتے ہوئے ظلم کی تمام حدود کو پار کردیا گیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ اسلامی دنیا کے بہادر اور نڈر لیڈر امام خمینی رح نے اسرائیل کو ناسور قرار دیتے ہوئے مظلوم فلسطین اور مسجد اقصیٰ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی خاطر ہر سال ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منانے کا اعلان کیا، دنیا کے تمام مسلمان یوم القدس کے دن اپنے اپنے گھروں سے نکلیں گے اور ریلیوں کی شکل میں اسرائیل کی نابودی اور قدس کی آزادی کے لئے اپنی آواز بلند کریں گے، دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی امام خمینی رح کے اس حکم پر ہر شہر سے لوگ فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں اور اسرائیلی مظالم کیخلاف نکلیں گے، جبکہ حیدرآباد میں قدم گاہ مولا علی علیہ السلام سے تحریک آزادی القدس کے بینر تلے احتجاجی ریلی نکالی جائیگی جو گل سینٹر چوک پر اختتام پذیر ہوگی، جس میں مختلف تنظیمی رہنما و شخصیات شرکاء سے خطاب فرمائیں گی۔