وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبہ المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے مسلسل بارش و سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف مقامات پر سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو پانی سے نکالا جا رہا ہے، سندھ کے دور دراز علاقوں میں راشن کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے اور متاثرین کے لئے مختلف مقامات پر مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن ضلع ملیر کی جانب سےناد علیؑ اسکوائر جعفرطیار ملیر پر تین روزہ مرکزی امدادی کیمپ لگایا گیا جہاں مخیر خواتین و حضرات کے تعاون سے جمع کردہ کئی لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان کپڑے، خشک اجناس، منرل واٹر، بسکٹ، برتن، خیمہ و دیگر اشیائے ضروریہ ضلع جامشورو کے گاؤں بیگوخان میر جت، علی آباد، انٹرپور، منجھند ،منظور آباد امداد حسین گوٹھ،ضلع دادو کی مختلف تحصیلوں جھانگارہ، لکی صدر، سہیون، حیدر گوٹھ، آمری قاضی احمد روڈ پر موجود سیلاب متاثرین میں تقسیم کی گئیں۔