وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ملک میں حالیہ بارشوں کے نتیجے سیلاب سےملک کے اکثریتی علاقوں میں تباہ حالی بدستور جاری ہے ابتک سیلاب متاثرین کی بحالی کے کام جاری ہیں اور درد مند مخیر حضرات سیاسی و سماجی تنظیموں اور حکومت کی جانب سے اہل وطن کی خدمت لائق تحسین ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر وحدت ہاوس کراچی میں جاری اہم اجلاس سے خطاب میں کیا اس موقع پر سیکرٹری شعبہ فلاع و بہبود و انچارج ریلیف آپریشن ارشد اللہ مکتبی،ایم ڈبلیو ایم کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری، کاظم رضا، محمد عباس، احسن عباس رضوی، حیدر زیدی، کلیم رضا، حسن رضوی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایم ڈبلیو ایم کے ذیلی ادارے المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں روزانہ کی بنیادوں پر کام جاری ہیں جس میں پکے ہوئے کھانے، اشیاء خوردونوش کی ترسیل،مختلف اضلاع میں مختلف سرکاری جگہوں پر سیلاب متاثرہ خاندانوں کی عارضی رہائش گاہوں میں ضرورت زندگی کی سہولیات۔مہیا کرنا اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد مختلف وبائی امراض پھیلنے کی وجہ سے کافی افراد بلخصوص معصوم بچوں انتقال کر رہے ہیں ۔ایسے میں مجلس وحدت کی جانب سے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے میڈیکل کیمپ ،ادویات فراہم کر رہی ہے۔
علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ کے ضلع بے نظیر آباد دولتپور شہر میں 500 افراد کیلئے خیمہ بستی لگائی گئی ہے جبکہ سرکاری اسکولوں میں پکے ہوئے کھانے کا انتظام روزانہ کی بنیادی پر کیا جارہا ہے ۔بہت جلد خیر پور میرس کے شہر رانی پور سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں متاثرہ خاندانوں کیلئے خیمہ بستیاں لگائی جائیں گی۔