وحدت نیوز(کراچی)کے الیکٹرک کی نجکاری سے ملک و قوم کم و پیش اتنا ہی نقصان پہنچا ہے جتنا تکفیری دہشتگردی سے ملک و قوم کو پہنچا ہے، کے الیکڑک حکومت کی چھتری تلے کراچی کے عوام دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، اب بھی وقت ہے کہ ملک اور قوم کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے کے الیکٹرک کا سخت سے سخت احتساب کیا جائے، امپورٹڈ حکومت کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے وحدت میڈیا سیل کے نمائندگان کی تربیتی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علامہ صادق جعفری نے کہا کہ صارفین سے زائد بلنگ کے ذریعے بھاری رقوم بٹورنا اور کارخانوں کی بجلی منقطع کرکے عوام کو بے روزگار کرنے کا کے الیکٹرک کا وطیرہ ہے جبکہ کراچی جیسے حساس شہر میں کے الیکڑک نے طبقاتی کنکشن میں نہایت خاموشی سے خطرناک حد تک اضافہ کردیا ہے، جس کے تحت پوش علاقوں میں بجلی چوری کی وارداتوں کے باوجود لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی جبکہ وقت پر بجلی کا بل ادا کرنے والے مڈل کلاس صارفین کو کئی گھنٹے لوڈشیدنگ کے عذاب سے گزرنا پڑتا ہے۔