وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس علمائے شیعہ پاکستان ضلع جیکب آباد کا اہم اجلاس صوبائی صدر علامہ عبداللہ مطہری کی زیر صدارت مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے علماء کرام اور مبلغین آئمہ جمعہ و جماعت شریک ہوئے۔
اجلاس میں کثرت رائے سے علامہ سیف علی ڈومکی کو مجلس علمائے شیعہ ضلع جیکب آباد کا ضلع صدر منتخب کیا گیا۔,اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس علمائے شیعہ ملک بھر کے علماء کرام کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے جو علماء کرام کی اجتماعی معاملات میں رہنمائی کرتے ہوئے انہیں قومی و دینی معاملات میں موثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔
اس موقع پر علامہ عبداللہ مطہری نے مجلس علمائے شیعہ کے نصب العین اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی انہوں نے بتایا کہ مجلس علمائے شیعہ ہر تین ماہ بعد سیمینار منعقد کرکے اہم دینی موضوعات اور حالات حاضرہ پر علماء کرام کی رہنمائی کرتی ہے۔اس موقع پر نو منتخب ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی نے مولانا محمد بخش محمدی کو ضلع نائب صدر مولانا ارشاد علی سولنگی کو جنرل سیکریٹری مولانا مظہر عباس صادقی کو سیکرٹری تبلیغات مقرر کیا۔