وحدت نیوز (کراچی) ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر جناب حاجی عرفان سلام میروانی صاحب کا جعفرطیار سوسائٹی ملیر کا دورہ، مرکزی امام بارگاہ جعفرطیار، امامیہ امام بارگاہ ایف ساؤتھ اور قدیر چوک تا غازی ٹاؤن روڈ کا جائزہ لیا، اس موقع پر اسٹاف آفیسر جناب رضوان علی عباسی صاحب و دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
مرکزی امام بارگاہ پہنچنے پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدر سید احسن عباس رضوی، غازی عباس ٹرسٹ کے رکن کاشف رضوی، ایم ڈبلیوایم عزاداری ونگ ضلع ملیر کے صدر قیصر رضا جعفری، کوآرڈینیٹر جعفریہ الائنس، ملیر ایڈوکیٹ ثمر عباس، مرکزی تنظیم عزاداری کے رہنما شاہ عالم زیدی، ممبر غازی عباس ٹرسٹ مرتضیٰ عابدی، ثمر عباس رضوی، اختیار امام رضوی، مرکزی تنظیم عزا کے رہنما علمدار علی، ایم ڈبلیوایم کے ضلعی پولیٹیکل سیکریٹری سید عارف رضازیدی، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتاز مہدی، عمران نقوی، جنرل سیکریٹری عزاداری ونگ ایم ڈبلیوایم ملیر سجاد مرزا، مرکزی تنظیم عزاداری کے اظہار زیدی و عدنان زیدی و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر صاحب نے غازی عباس ٹرسٹ کے زیر انتظام سرد خانہ و غسل خانہ برائے میت اور زیر تعمیر کمیونٹی ہال کا معائنہ بھی کیا اور خدمات کو سراہا۔ٹرسٹ نے صبح سے رات دیر گئے تک منعقدہ تمام عشرہ مجلس کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا۔
بعد ازاں انہوں نے امامیہ امام بارگاہ سمیت قدیر چوک اور 5 محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا بھی جائزہ لیا، اس موقع پر موجود شیعہ نمائندگان نے انہیں مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوس ہائے عزاء کے روٹس پر درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا،جبکہ شیش محل تا نادعلیؑ ایک جانب روڈ پر انکروچمنٹ کے خلاف کارروائی کرکے فوری اس سڑک کے دوسرے ٹریک کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ حادثات سے بچا جاسکے اور علماءکرام و عزاداروں سمیت عام شہریوں کی آمد ورفت میں بھی دشواریوں کا خاتمہ ہوسکے۔
ڈی سی صاحب نے بذات خود اس مقبوضہ روڈ کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر ڈی سی صاحب نے صدر ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی کو ہدایت کی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تمام مسائل و ضروریات کی مختصر و جامع رپورٹ فوری فراہم کریں تاکہ ہر ممکن سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔