وحدت نیوز(کراچی) صوبائی وزراء کی مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹریٹ آمد، ایم ڈبلیوایم رہنماؤں سے ملاقات ، مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے، ایم ڈبلیوایم کے امیدواربرائے حلقہ NA-249 علامہ مبشر حسن کا پی پی پی کے نامزد امیدوار قادر خان مندوخیل کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان ، مشترکہ پریس کانفرنس میں پی پی پی رہنما وقار مہدی کا حلقے میں ایم ڈبلیوایم کے ساتھ مل کر حلقے کے مسائل کےحل کیلئے مشترکہ کوششوں کا عزم ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما اور صوبائی وزیربلدیات سید ناصرحسین شاہ ، وزیر تعلیم سعید غنی،مشیر وزیراعلیٰ سندھ وقار مہدی ،پی پی پی کے نامزد امیدوار قادرخان مندوخیل ،فاروق اعوان (ہلال شجاعت، ستارہ شجاعت)،نعیم شیخ ممبر سندھ کونسل نے مجلس وحدت مسلمین کےرہنماؤں سے صوبائی سیکریٹریٹ میں ملاقات کی اس موقع پر صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی، ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، ایم ڈبلیوایم کے نامزد امیدوار ربرائے حلقہ NA-249 علامہ مبشر حسن، علامہ ملک غلام عباس، سبط اصغر ، کلیم رضا ودیگر بھی موجود تھے ۔
پی پی پی کے رہنماؤںنے علامہ محمد عون نقوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی، پی پی پی کے رہنما ؤں نے ایک مرتبہ پھر ایم ڈبلیوایم سے ضمنی انتخاب میں اپنے امیدوار کو پی پی پی کے حق میں دستبردار کروانے کی گذارش کی جس پر ایم ڈبلیوایم کی قیادت نے پولیٹیکل کونسل کی مشاورت سے اپنے امیدوار علامہ مبشرحسن کو پی پی پی کے نامزد امیدوار قادرخان مندوخیل کے حق میں دستبردار کروانے کا اعلان کردیا ہے ۔
ایم ڈبلیوایم سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری علی حسین نقوی نے کہا کہ حلقے این اے 249 میں بنیادی کام نہیں ہوئےپاکستان پیپلزپارٹی نے حلقے کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،ضمنی انتخابات حلقہ این اے 249 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کی حمایت کرتے ہیں ۔حلقے میں ضمنی انتخابات کی کمپین کے حوالے سے پی پی پی امیدوار کے ساتھ ہیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر بلدیات سید ناصرشاہ نے کہا کہ مسنگ پرسن کی بازیابی پر مرکزی قائدین کی واضح پالیسی ہے،مسنگ پرسن کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر وقار مہدی نے کہا کہ حلقہ این اے 249 ضمنی انتخابات میں حمایت پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے شکر گزار ہیں، حلقے کے مسائل کےحل کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی اور مجلس وحدت مسلمین مشترکہ کوشش کریں گے۔وفاقی حکومت کو کراچی و سندھ سے کوئی دلچسپی نہیں ، عمران خان صرف اعلانات کرتے ہیں کام نہیں ۔
پی پی پی کے نامزد امیدوار قادرخان مندوخیل نے کہا کہ ضمنی انتخابات این اے 248 میں حمایت مانگے پہلے بھی ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کے پاس آئے تھے۔پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 249 میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا،سندھ حکومت کی جانب سے 2 ارب کابجٹ حلقے میں خرچ کیا گیاحلقے کو شہر کا ماڈل حلقہ بنائیں گے۔ انشاء اللہ حلقے 249 ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوگی۔