وحدت نیوز(کراچی)جمعیت علمائے پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری مولاناسید عقیل انجم کی دعوت پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی اور سید علی حسین نقوی نے ایک وفد کے ہمراہ ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقعہ پر جے یوپی کراچی کے رہنماء مولانا قاضی احمد نورانی ، شکی قاسمی،اور مفتی رفیع الرحمن نورانی و دیگر موجود تھے۔
ملاقات میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات، سیاسی صورتحال، اتحاد بین المسلمین اور دہشت گردی جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندہ میں بلدیاتی انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین بھرپور حصہ لے گی، اس سلسلے میں ہم خیال جماعتوں سے مشاورت کی جارہی ہے۔اہل تشیع اور اہل سنت فطری اتحادی ہیں، جنہیں مل کر دین اسلام کی سر بلندی، اور سامراجی سازش و دہشت گردی کے خلاف کوشش کرنا ہوگی۔
سید عقیل انجم نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور لادینیت و مغربی ثقافتی یلغار کے خلاف مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔انہوں نے بلدیاتی الیکشن سمیت مختلف مسائل پر اشتراک عمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے سندھ کے مختلف اضلاع کے مشترکہ دورے کی تجویز دی۔ اور اشتراک عمل کے لئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔