وحدت نیوز(کراچی ) کراچی کالعدم گروہوں کی آماجگاہ بن گیا ہے، حکومتی سرپرستی میں شیعہ افراد کو روزانہ شہید کیا جا رہا ہے، معروف نوحہ خواں و امام بارگاہ بارہ امام کے ٹرسٹی علی رضا کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں محب وطن شیعہ عوامی نمائندگان کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے جس میں مساجد و امام بارگاہ کے ٹرسٹیز، ڈاکٹرز، وکلاء، ماتمی انجمنوں کے عہدیداران سمیت شیعہ تاجر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ جب سے حکومت نے کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تو شیعہ نسل کشی میں اضافہ ہوا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تاحال ان واقعات میں ملوث کسی دہشت گرد کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی اب تک ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کمی آئی ہے۔
علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن دھوکہ ہے، سندھ حکومت دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نہیں بلکہ اپنی سیاسی دشمنیاں نکال رہی ہے۔ اُنہوں نے صدر پاکستان ممنون حسین، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں، تاکہ شہر قائد میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ بیس روز میں سترہ شیعہ مسلمانوں کو شہید کیا جا چکا ہے، کالعدم دہشت گرد گروہ کے سربراہ شہر میں دندناتا پھر رہا ہے، حکومت فی الفور دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر کارروائی کو یقینی بنائے۔