حیدرآباد میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ خطرے کی گھنٹی ہے، الفت عالم کربلائی
وحدت نیوز(حیدرآباد)کراچی کے بعد دہشت گردی کے بے قابو جن نے حیدر آباد کا رخ کر لیا ہے ، سفاک دہشت گردوں نے ۴پولیس اہلکاروں سمیت مجلس وحدت مسلمین کے ہمدرد اختر حسین زیدی کو بھی شہید کر دیا ، سکیورٹی ایجنسیز قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں ، جب عوام کے رکھوالے محفوظ نہ ہو ں تو عوام کس سے امان کی امید رکھیں ، ان خیالات کا مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل الفت عالم کربلائی نے اپنے مذمتی بیان میں کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ حیدر آباد جیسے پر امن شہر میں دہشت گردی کی وارداتیں نیک شگون نہیں ہیں ، عوام اپنے ارد گرد ماحول پر نظر رکھیں ، پولیس اہلکاروں پر حملے اس بات کا اشارہ کر رہے ہیں کہ یہ ملک دشمن عناصر حیدرآباد میں مذید دہشت گر د کاروائیاں کر سکتے ہیں ، خفیہ ایجنسیاں اور سکیورٹی ادارے ایم ڈبلیو ایم کے ہمدرد اختر حسین زیدی سمیت ۴ پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کریں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں ۔