وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ عوامی حقوق کی جنگ لڑی، سندھ کے عوام بنیادوں سہولتوں سے محروم ہیں، لیکن حکمران طبقہ کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑ رہا ہے، فرقہ واریت اور قوم پرستی کے خاتمے کیلئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہیں گے، ایم ڈبلیو ایم کا صوبہ بھر کے پسماندہ علاقوں میں بلاتفریق فلاحی کاموں کا آغاز سرفہرست ہے، موروثی سیاست کرنے والی جماعتوں کے پاس عوامی خدمت گزار امیدواروں کا فقدان ہے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ مختار امامی نے کہا کہ شہر قائد سمیت صوبہ بھر میں عوام پانی و بجلی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، کراچی میں جاری حالیہ پانی بحران انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے انتہا وسائل ہونے کے باوجود کراچی واٹر اینڈ سوریج بورڈ کی جانب سے شہر کے مختلف ٹاؤنز میں پانی کی عدم فراہمی، شہریوں پر ظلم اور ادارے میں موجود افراد کی نااہلی ہے، لہٰذا ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ علامہ مختار امامی نے مزید کہا کہ وزیراعلٰی سندھ نوٹس کی سیاست سے باہر نکلیں، جبکہ شہر کے دیگر قومی و صوبائی عوامی نمائندگان، اسٹیک ہولڈرز جماعتوں کو بھی چاہئے کہ وہ پانی بحران کا ملبہ حکومت پر ڈال کر اپنی جان چھوڑانے سے گریز کریں، اس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زبانی جمع خرچ سے بہتر ہے کہ سندھ حکومت گذشتہ کئی ماہ سے جاری پانی بحران کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔