وحدت نیوز(پشاور) وزیراعظم پاکستان عمران خان اور حکومتی عہدیداروں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو نظر انداز کرکے صرف تنقید پر توجہ دی، جس کی وجہ سے غریب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ ملک بھر میں ٹماٹر ناپید ہوگیا ہے، اگر کہیں دستیاب بھی ہے، تو اس کی قیمت غریب طبقے کی پہنچ سے باہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے وحدت ہاوس پشاور سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور حکومتی اراکین کو چاہیئے کہ ملک میں مہنگائی کے طوفان کا سدباب کریں نہ کہ اپنا سارا وقت صرف تقریریوں اور جملہ بازی میں صرف کریں۔ بے شک اپوزیشن کا رویہ عوامی مفادات کے خلاف ہے، مگر یہ کہاں کا انصاف ہے کہ وزرا بھی صرف جوابات میں وقت گزاریں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے خلاف جنگی بنیادوں پر اقدامات کرکے عام عوام کو ریلیف پہنچایا جائے۔