وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ جہانزیب جعفری نے کہا کہ حکومت فورتھ شیڈول کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے انتقامی کاروائیوں کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ملت تشیع کے وہ علما اور عمائدین جن کی اتحاد بین المسلمین اور حب الوطنی کے فروغ میں نمایاں خدمات ہیں ان کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ متوازن پالیسی کی آڑ میں ایسے ظالمانہ اقدامات کسی طور قابل قبول نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی مخاصمت و عناد کی بنیاد پر ایس ایچ او کی جانب سے کسی شخص کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی سفارش پر فوری عملدرآمد غیر منصفانہ اقدام ہے جس کی قطعاََ اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کسی بھی شخص کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے سے پہلے متعلقہ ادارے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس شخص کے کردار کی جانچ پرتال کریں۔انہوں نے کہا کہ اہل تشیع اس ملک کے باوفا اور ذمہ دار شہری ہیں۔ مخالفین کی ایما پر انہیں انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کو جبری گمشدہ رکھنا آئین و قانون کے منافی ہے۔ ملت تشیع کے لاپتا افرا د کو جلد از جلد بازیاب کیا جائے۔اگر ان سے کوئی مجرمانہ فعل سرزد ہوا ہے تو قانون کے مطابق انہیں عدالت کے سامنے پیش کر کے سزا دلوائی جائے۔کسی کو طویل عرصہ تک بغیر بتائے غائب رکھنا قانون و انصاف کی توہین ہے۔