وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور اورامامیہ رابطہ کونسل پشاور کے زیراہتمام شکار پور میں بم دھماکہ کے نتیجہ میں 50 سے زائد نمازیوں کی شہادت پر پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی اور حکومت کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علما مشائخ کونسل کے صوبائی سربراہ مولانا محمد شعیب، علامہ عابد حسین شاکری اور مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل سیدہ نسیم نقوی کا کہنا تھا کہ سانحہ شکار پور درندگی اور ظلم کی انتہاء ہے، بے گناہ نمازیوں کو شہید کرنا کونسا اسلام ہے، ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بھی عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے، دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی جارہی۔؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے دھماکہ کی پیشگی اطلاع پر بھی کوئی ایکشن نہ لیا، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت صرف اور صرف اقتدار کی بھوکی ہے، اسے عوام کے جا ن و مال سے کوئی سروکار نہیں۔ مقررین نے نواز حکومت پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ دہشتگردوں کو پھانسیاں دینے کا سلسلہ کیوں روک دیا گیا ہے۔؟ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ شہری علاقوں تک بھی بڑھایا جائے اور دہشتگردوں کی مزموم کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔