وحدت نیوز(ہنگو) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین حسینی نے کہا ہے کہ طالبان کیساتھ مذاکرات جبکہ عوام کے حقوق پامال کئے جاتے ہیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں مستضعفین کی جماعت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگو کے علاقہ پاس کلے میں ''شہداء کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جہاں پر دہشت گردوں کے اڈے ہیں وہاں پاکستان کا جھنڈا نہیں لہرایا جاتا، دہشت گرد پاکستان کے غیور عوام کو قتل کر رہے ہیں مگر ہمارے غافل حکمران کو ان کی دہشت گردی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذکرات کئے جاتے ہیں مگر جہاں پاکستان سے پیار کرنے والے رہتے ہیں۔ ان کے حقوق کو ہمیشہ پامال کیا جاتا ہے۔ کوئٹہ کے مظلومین نے کئی دن اپنے شہداء کے جنازے سڑکوں پر رکھ کر احتجاج کیا۔ اپنے مطالبات رکھے مگر یہ بےحس حکمران کئی دن بعد کوئٹہ پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں مستضعفین کی جماعت ہے، انشاءاللہ پاکستان میں کہیں بھی اگر ملت پر کوئی مشکل آئی تو مجلس وحدت مسلمین اس مشکل میں ملت کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے پیش پیش رہی اور آئندہ بھی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دور سے آنے والے مہمانوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے آج شہداء کی برسی کے موقع پر پروگرام کو زینت بخشی۔