وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ دس روز سے انقلاب اور آزادی کے متوالوں نے انصاف کے حصول کے لئے پرامن دھرنا دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ امن و سلامتی اور جمہوریت کے علمبردار ہیں۔ زرداری نواز ملاقات اسٹیٹس اور مشترکہ مفادات کا تحفظ معلوم ہوتی ہے۔ انتخابی اصلاحات اور دھاندلی کے سدباب کے لئے تحریک انصاف کے مطالبات تبدیلی اور حقیقی جمہوریت کے آئینہ دار ہیں۔ دھاندلی کی پیداوار اور اسٹیٹس کے حامی سیاستدانوں سے تبدیلی کی حمایت کی توقع رکھنا عبث ہے۔ پاکستان کے انتخابی نظام میں ضمیر خریدے جاتے ہیں، ووٹر سے لے کر پریزائیڈنگ افسر تک سب کی بولی لگتی ہے۔ اس حقیقت کا کون انکار کر سکتا ہے۔ انتخابی اصلاحات سے متعلق عمران خان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشہ انتخابات کو ملک کی تمام سیاسی جماعتیں دھاندلی زدہ انتخابات کہہ چکی ہیں۔ انتخابات کے نام پر قوم کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا۔ انتخابی دھاندلی میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا بےحد ضروری ہے۔ دھاندلی کا ذمہ دار الیکشن کمیشن فوراً مستعفی ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مجرموں کو سزا نہیں ملتی، اس وقت تک ملک میں شفاف الیکشن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس اسمبلی کے 70 فیصد اراکین ٹیکس چور ہوں وہ ملک میں کیا بہتری لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خون کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا۔ طویل عرصہ گذرنے کے باوجود وارثین شہداء کی ایف آئی آر تک کا درج نہ ہونا، انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔ اپنی سنجیدگی اور اخلاص کے اظہار کے لئے حکومت کو فوری طور پر وارثین شہداء کی ایف آئی آر درج کرنے سمیت اعتماد سازی کے لئے کچھ سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔