وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ نے ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلینگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف جلد از جلد کارروائی کی جائے۔
کوئٹہ سے اپنے جاری کردہ بیان میں مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو لاء اینڈ آرڈر اور کوئٹہ کے حالات پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ دہشتگردانہ واقعات میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مصروف علاقوں میں دن دھاڑے فائرنگ کرکے بے گناہ افراد کو شہید کرنے والے عناصر کا فرار ہوجانا ایک سوالیہ نشان ہے۔ ہمارے قتل عام میں ملوث عناصر کو ماضی میں بھی گرفتار نہیں کیا گیا۔ حالیہ واقعات اور شہادتوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی برداشت نہیں کی جائے گی۔