وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے اور بہتر اقدامات کے لائے اتحاد علماء اسلام کا قیام خوش آئند ہے۔ علماء کرام معاشرے کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ متحد ہوکر اس پلیٹ فارم کے توسط سے بہت سے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر بزرگوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے علمائے کرام اپنے حد تک معاشرے کے لئے ذاتی حد تک کام کرنے میں مصروف رہے ہیں، تاہم اتحاد علماء اسلام کے نام سے علمائے کرام نے متحد ہوکر ایک نئے اور بہتر تسلسل کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اقتصادی، معاشرتی و ازدواجی مسائل کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ جو علمائے کے تعاون سے حل ہو سکتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس اتحاد کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ جس سے مجموعی طور پر معاشرے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے اتحاد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اتحاد علماء اسلام کے قیام کی تائید کرتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ اتحاد اپنے مقاصد کے حصول میں کامیابی حاصل کرے۔